حوزہ نیوز ایجنسی کے گروہ ترجمہ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم کے سرپرست آیت اللہ علی رضا اعرافی کی طرف سے پاکستانی شیعہ مدرسہ کے سربراہ آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی کو غزہ کے مظالم اور اسرائیل کے جرائم کی مذمت کے لئے بھیجا گیا۔ جس کے جواب میں آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے فلسطین و غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستانی مدارس کی جانب سے ہر قسم کی مدد اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے فلسطین کاز کی حمایت میں جمہوریہ اسلامی ایران کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: "رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی بصیرت نے مغربی سیاست کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ان کے تمام مذموم منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے"۔ ان کے اس پیغام کا ترجمہ مندرجہ ذیل ہے:
محترمی جناب حضرت آیت اللہ شیخ علی رضا اعرافی (دام عزہ)
السلام علیکم و رحمة الله و برکاته؛
آپ کی کامیابی اور صحت و سلامتی کی آرزو اور دعا کے ساتھ،
مجھے فلسطین کی صورتحال اور غاصب صیہونی حکومت کی ناانصافیوں کے بارے میں آپ کا دردمندانہ پیغام موصول ہوا۔
فلسطینی اب بھی مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں صیہونی غاصب حکومت کے روزانہ حملوں کی زد میں ہیں اور 1927ء کے بعد سے وہ تمام تعلیمی، صحت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں معمول کی زندگی کی بنیادی ضروریات تک سے محروم ہیں۔
غاصب اسرائیلی حکومت نے مظلوم فلسطینی قوم کے وسیع پیمانے پر قتل عام کا ارتکاب کیا۔ صہیونی دہشت گرد گروہوں نے عالمی استکبار اور عالمی اسمبلیوں کی خاموشی کا سہارا لیتے ہوئے فلسطینی شہروں، دیہاتوں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کی ہمہ گیر تباہی کی پالیسی اختیار کی لیکن وہ فلسطینیوں کی ان کی سرزمین پر صیہونی قبضے کو مسترد کرنے کے عزم و ارادہ کو کمزور نہیں کر سکے۔
ہم غاصب صیہونیوں کے خلاف فلسطینی مقاومت کے بہادر جوانوں کی فتوحات اور ان کی بہادری کے کارناموں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم فلسطینی قوم کے حق، جہادی اور مقاومتی تحریکوں اور تمام اسلامی اقوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ ظالم صیہونیوں کی نابودی تک فلسطین اور اسلامی مقدسات کا دفاع کریں۔
ہم جمہوریہ اسلامی ایران کی جانب سے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے بعد فلسطین کاز کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہتے ہیں۔ اس وقت جس نظام کی قیادت آیت اللہ خامنہ ای کر رہے ہیں اور انہوں نے جس طرح پوری دنیا کے مظلوموں کی بالعموم اور فلسطینیوں کی بالخصوص حمایت کی، یہ پالیسی ان کی تقاریر میں ان کی تسخیراتی اور فکری بصیرت سے عبارت ہے۔
ان کی اس بصیرت نے مغربی سیاست کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور ان کے تمام مذموم منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ارشادات کی گونج پوری دنیا خاص طور پر فلسطینی عوام میں پائی جاتی ہے، جو اپنے عرب بھائیوں کی حمایت سے مایوس ہونے کے بعد بڑی شدت سے حمایت کے منتظر ہیں۔
ہم دیکھ رہے ہیں کہ ملت اسلامیہ وسیع کمزوری کا شکار ہے جبکہ کافر قوم اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہو چکی ہے۔ ہم میں سے بعض کی یہ کمزوری قرآن کی تعلیمات اور دین حق سے روگردانی اور خدا کے علاوہ دوسروں پر توکل کرنے کی وجہ سے ہے۔
ہم مسلمانوں کو دنیا اور آخرت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے خدا کی کتاب اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خالص سنت کی طرف لوٹنے کی دعوت دیتے ہیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "ہم اپنے انبیاء اور ایمان لانے والوں کی دنیا کی زندگی میں اور (آخرت میں) اس دن ضرور مدد کریں گے جب گواہ کھڑے ہوں گے"۔
غاصب صیہونی حکومت مسجد الاقصیٰ کو تباہ کرنے، بیت المقدس کو یہودی بنانے، مسلمانوں اور عربوں کو وہاں سے نکالنے اور اسے اپنی جعلی حکومت کا دارالخلافہ بنانے کے منصوبے بنا رہی ہے لیکن یہ منصوبے خدا کی مدد اور حمایت اور مجاہدین کی ہمت و کوششوں سے ناکام ہو رہے ہیں۔ وہ مقاومتی مجاہدین جو کہ لبنان، فلسطین، یمن، عراق، شام اور پوری دنیا میں ایک مضبوط اور مربوط محاذ بن چکے ہیں۔
ہم عرب اور اسلامی ممالک اور دنیا کے آزاد لوگوں سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ خطے میں عوام اور مقاومتی محور کی حمایت جاری رکھیں اور فلسطین میں وحشیانہ قتل و غارت گری کے حوالے سے شرمناک خاموشی چھوڑنے کے لیے ریاستی اداروں اور عالمی برادری پر دباؤ ڈالیں۔
ہمیں نصرتِ الہی حاصل ہونے اور آخر کار ظالموں کے نابود ہونے میں اپنے خدا پر کامل یقین ہے۔
پاکستانی مدارس اور اس میں بھی سرفہرست حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور ہمارے آقا امیر المومنین علیہ السلام کے اپنے فرزندوں امام حسن و حسین علیہما السلام کے لیے کہے گئے ارشادات کی پیروی کرتے ہوئے کہ جس میں انہوں نے فرمایا تھا "ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بنو"، فلسطینی مظلوم قوم، مقاومتی محور اور شہدائے غزہ کے اہل خانہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس ظالم حکومت کے خلاف کسی بھی طرح کے اقدام کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ سے آپ کی کامیابی اور استحکام کے لیے دعا گو ہیں۔
سید حافظ ریاض حسین نجفی
سرپرست وفاق المدارس الشیعہ پاکستان
سرپرست جامعۃ المنتظر لاہور